اڈپی،14/اپریل (ایس او نیوز) لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کا جینا حرام ہوگیا ہے وہیں پر کچھ لوگوں کو عجیب عجیب شرارتیں سوجھتی ہیں۔ ایسی ہی ایک حرکت اڈپی میں ایک نامعلوم نوجوان نے کی ہے، جس میں اس نے وادی راج روڈ پرشوبھانگ اپارٹمنٹ کے پاس ویران سڑک پر دوہزار اور پانچ سو روپے کے بہت سارے نقلی نوٹ بکھیر دئے اور موقع پر سے فرار ہوگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ اصلی نوٹوں کی کلر زیراکس کاپی تھی اور جملہ 30نوٹ سڑک پر پائے گئے۔ اس طرح کی حرکت کرنے والانوجوان 25 تا 30سال کا تھا اور وہ سڑک پر نوٹ بکھیرنے کے بعد ایک دوڑ لگا کر گلی میں گھس گیا۔ پھر ا س کے بعد اس کا کوئی اتا پتہ معلوم نہیں ہوسکا۔سڑک پر پڑے ہوئے نوٹ چننے کے لئے کچھ لوگ سڑک پر دوڑتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔
پولیس کے پاس شکایت درج کرنے والے مدھوکر موڈراڈی کاکہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں بند لوگوں کونوٹ پانے کی ہوس میں باہر نکالنا اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے ساتھ کورونا وباء کو مزید پھیلانے کا سبب بنانا اس کا مقصد ہوسکتا ہے۔پولیس نے اس علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کا معائنہ کیا ہے، لیکن تاحال اسے کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔